واشنگٹن: ٹرمپ نے امریکی پارلیمنٹ میں یمن جنگ میں امریکی مداخلت اور سعودی عرب کی حمایت کو ختم کرنے کی قرارداد کو ویٹو کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کانگریس میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں صدر ٹرمپ سے یمن جنگ میں امریکی فوج کی مداخلت ختم کرنے اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی حمایت ترک کر کے یمن تنازع میں غیر جانبدار رہنے کی استدعا کی گئی تھی۔
یہ قرارداد حکمراں اور اپوزیشن جماعت کے اراکین کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی تاہم امریکی صدر نے آئین میں حاصل اپنے خصوصی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے قرارداد کو ویٹو کردیا، قرارداد ویٹو ہونے کے بعد یمن میں امریکی فوج کی مداخلت اور سعودی عرب کی حمایت جاری رہے گی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے اقدام کی تائید میں موقف اختیار کیا کہ اگر اس قرارداد کو ویٹو نہ کیا جاتا تو خطے میں موجود امریکی شہریوں اور فوجیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے اور یہ قرارداد اپوزیشن کی جانب سے میرے اختیارات میں کمی کی ایک کوشش بھی تھی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے 4 سالہ دور صدارت میں خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے کانگریس کی منظور کردہ کوئی قرارداد دوسری مرتبہ ویٹو کی ہے۔
No comments
Post a Comment